نئی دہلی،24؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کورونا کو شکست دینے کے لیے مسلسل ٹیکہ کاری کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس سمت میں سنجیدگی سے کام کرنے کے بجائے اشتہار کو اہمیت دیتے ہوئے جشن کا انعقاد کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے بدھ کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’کورونا ٹیکہ کاری جب تک مسلسل بڑے سطح پر نہیں ہوتی، ہمارا ملک محفوظ نہیں ہے۔ افسوس، مرکزی حکومت پی آر ایونٹ سے آگے نہیں بڑھ پا رہی ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے بھی اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ڈیلٹا پلس ویریئنٹ ملک میں دستک دے چکا ہے۔ ابھی محض 3.6 فیصد آبادی کی مکمل ٹیکہ کاری ہوئی ہے لیکن وزیراعظم ایونٹ منیجر کا کردار اختیار کیے ہوئے ہیں۔ خود کی پیٹھ تھپتھپانے کے اگلے ہی دن ٹیکہ کاری میں 40 فیصد کی کمی آ گئی۔‘‘
پرینکا نے مزید کہا کہ ٹیکہ کاری کے جشن کے دن جتنے ٹیکے لگتے ہیں، اس کے اگلے ہی دن بہت کم ٹیکے لگے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’ریکارڈ ویکسین پروپیگنڈہ کا فارمولہ، مدھیہ پردیش، 20 جون-692 ویکسین لگی، 21 جون- 1691967 اور 22 جون کو 4825 ویکسین لگی۔ ویکسین جمع کی، ایونٹ کے لیے ایک دن لگا دیا پھر اگلے دن کم۔ دسمبر تک سب کو ویکسین دینے کے لیے ملک میں یومیہ 80-90 لاکھ ویکسین لگانی ہوگی۔‘‘